ماسکو(این این آئی)روس کے وزیر خارجہ نے عراق کی تقسیم کے حوالے سے امریکہ کے نائب صدر کے بیانات کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ جوبائیڈن کے نظریے کا تخریبی اور تباہ کن ہونا پوری طرح واضح ہے،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق روس کے وزیرخارجہ سرگئی لاؤروف نے ماسکو کے قریب نوجوانوں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روس ، امریکی نائب صدر کے اس موقف کو ہرگز تسلیم نہیں کرتا کہ عراق کو شیعہ، سنی اور کرد علاقوں میں تقسیم کر دینا چاہئے،
سرگئی لاؤروف نے جو بائیڈن کے موقف کو ناقابل قبول قرار دیا اور کہا کہ یہ ایسا ہی ہے جیسے عراقی عوام سے کہا جائے کہ وہ اپنے ملک کا انتظام، کس طرح چلائیں۔ روسی وزیر خارجہ نے اسے سماجی خلفشار پھیلانے کی کوشش قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ جوبائیڈن کے نظریے کا تخریبی اور تباہ کن ہونا پوری طرح واضح ہے، سرگئی لاؤروف نے تاکید کے ساتھ کہا کہ ہمارا خیال ہے کہ شیعوں ، سنیوں اور کردوں کو خود یہ فیصلہ کرنا ہے کہ وہ ایک دوسرے کے ساتھ کس طرح زندگی بسر کرنا چاہتے ہیں۔