منیلا(این این آئی)فلپائن کے موجودہ صدر روڈریگو دوتیرتی نے اعتراف کیا ہے کہ وہ پولیس کے لیے مثال قائم کرنے اور مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے اپنے ہاتھوں سے مجرموں کو قتل کرتے رہے ہیں۔
عرب ٹی وی کے مطابق جرائم پیشہ افراد کے خلاف سخت ترین موقف رکھنے والے صدر دوتیرتی کا کہنا تھا کہ جب وہ فلپائن کے ایک شہر کے میئر تھے تب اپنے ہاتھوں سے جرائم پیشہ افراد کو ہلاک کرتے تاکہ پولیس کو جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی کے لیے اکسایا جاسکے۔ صدر دوتیرتی نے کہا کہ وہ 20 سال تک داوؤ شہر کے میئر رہے۔ جنوبی فلپائن کی یہ سب سے بڑی بلدیہ ہے۔ بلدیہ کے چیئرمین کی حیثیت سے دیگر امور انجام دینے کے ساتھ ساتھ وہ مجرموں کو بھی خود ہی قتل کرتے تاکہ پولیس کو جرائم پیشہ عناصر کے خلاف اکسایا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ لوگ مجھ سے پوچھیں گے کہ آپ خود ہی مجرموں کو کیوں ہلاک کرتے تھے تو میں انہیں جواب دوں گا کہ میں مجرموں کی مکمل بیخ کنی کرنا چاہتا تھا اور میں نے ایسا کرکے دکھایا۔ان کا کہنا تھا کہ میں میئر کی حیثیت سے ایک موٹرسائیکل پر شہروں میں گھوما کرتا، لوگوں کے مسائل معلوم کرتا اور ان کے حل کی کوشش کرتا۔ اس لیے جرائم پیشہ افراد کو قتل کرنا میرے لیے کوئی مشکل نہیں تھا۔