بیجنگ (آئی این پی ) چین میں 2012ء سے اب تک 196947 پارٹی کارکنوں اور سرکاری اہلکاروں کو کفایت شعاری کے قوانین کی خلاف ورزی پر سزائیں دی گئی ہیں ، چین کی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی قیادت نے دسمبر 2012ء میں کفایت شعاری کی خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف ایک مہم کا آغاز کیا تھاجس میں آٹھ نکات کے تحت کارروائی شروع کی گئی تھی ، اس کارروائی کامقصد سرکاری افسران کی کارکردگی کو بہتر بنانا اور ان کی غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنا تھا ، گذشتہ چار برسوں کے دوران 146400افراد ڈسپلن کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے ، ان میں ایک چوتھائی ایسے افسران تھے جن پر سرکاری گاڑیوں ، فنڈز اور کھانے پینے کی اشیاء کے غیر قانونی استعمال کا الزام عائد کیا گیا ، یہ اعدادوشمار کمیونسٹ پارٹی کے مرکزی کمیشن برائے ڈسپلن انسپکشن میں جاری کئے ہیں ، کمیشن میں مزید کہا ہے کہ ان اہلکاروں کی طرف سے شادی اور موت پر سرکاری رقوم غیر قانونی طریقہ پر خرچ کرنے ، سفر کرنے اور تحائف دینے کے الزامات بھی تھے ۔ اعدادوشمار میں مزید کہا گیا ہے کہ 33532 خلاف ورزیاں جنوری سے اکتوبر 2016ء تک ہوئیں جبکہ دیگر خلاف ورزیوں کیخلاف 2015ء میں کارروائی کی گئی۔