نئی دہلی(این این آئی)بھارتی وزیر دفاع منوہر پاریکر نے عجیب منطق پیش کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی حکومت کی جانب سے 500 اور 1000 روپے کے نوٹوں پر پابندی کے بعد کشمیریوں کی جانب سے بھارتی فوج پر پتھراؤ ختم ہوگیا ہے۔بھارتی وزیر دفاع منوہر پاریکر نے نوٹوں کی پابندی کے بعد اٹھنے والے مسائل سے قطع نظر کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں پر پتھراؤ کے لیے کشمیری نوجوانوں کو 500 روپے دیئے جاتے تھے جو نوٹوں پر پابندی کے بعد بند ہوچکے ہیں،
جس کے بعد کشمیریوں کی جانب سے بھارتی فوج پر پتھراؤ بھی رک گیا ہے۔ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق ممبئی میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ایم ایل اے اتل بھٹکھالر کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع منوہر پاریکر نے کہا کہ کشمیری نوجوانوں کو ایک ہزار روپے کسی اور کام کے لیے دیئے جاتے تھے لیکن اب ان کو بھی نوٹ نہیں مل رہے۔انہوں نے حکومت کی جانب سے نوٹوں پر پابندی لگانے پر وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی اقدام سے دہشت گردوں کی مالی مدد کا سلسلہ ختم ہوگیا ہے۔