جدہ(این این آئی)سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے گزشتہ 10 سالوں میں سب سے زیادہ حج و عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کیلئے آنے والوں میں پاکستان کو دوسرا نمبر دیا ہے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق سعودی عرب کی وزارت حج وعمرہ کی جانب سے گزشتہ 10 سال کے دوران فریضہ حج اور عمرہ کی سعادت میں سرفہرست رہنے والے ممالک کی فہرست جاری کی گئی ہے جس کے مطابق مصر پہلے اور پاکستان دوسرے نمبر پرہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ 15 سال کے دوران حج و عمرہ ادا کرنے والے غیرملکی مسلمانوں کی تعداد 5 کروڑ 59 لاکھ رہی اور ہرسال اس میں مزید اضافہ ہورہا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران عمرہ معتمرین کی تعداد 6 لاکھ سے بڑھ کر 60 لاکھ تک پہنچ چکی ہے ٗ صفرالمظفر سے رمضان المبارک تک تقریبا 10 لاکھ مسلمان عمرہ کی ادائیگی کے لیے حجاز مقدس پہنچتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق فہرست میں پاکستان کے بعد جن ممالک کی درجہ بندی کی گئی ہے اس میں انڈونیشیا تیسرے، ترکی چوتھے، ایران پانچویں، بھارت چھٹے، اردن ساتویں، الجزائر آٹھویں اور ملائیشیا نویں نمبر پر ہے۔