اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی کی وجہ سے ایک شخص 5ارب ڈالرز سے ہاتھ دھو بیٹھا۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق امریکی ری پبلکن پارٹی کے صدارتی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی دنیا بھر میں لوگوں کے لیے بہت بڑا غیر متوقع جھٹکا ثابت ہوئی ہے مگر ایک میکسین شہری کو جو نقصان ہوا ہے اس کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا۔ ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی کی خبر دنیا بھر کی معیشتوں پر آسمانی بجلی کی طرح گری اور امیر ترین افراد مجموعی طور پر 41 ارب ڈالرز(لگ بھگ 43 کھرب پاکستانی روپے) سے محروم ہوگئے۔مگر سب سے زیادہ نقصان میکسیکو کے سب سے امیر ترین اور دنیا کے چوتھے امیر ترین شخص کارلوس سلم کو اٹھانا پڑا جنھیں ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی نے 5.1 ارب ڈالرز (پانچ کھرب 33 ارب پاکستانی روپوں سے زائد) کا نقصان اٹھانا پڑا۔مجموعی طور پر 10 میکسیکن ارب پتی افراد کو ساڑھے چھ ارب ڈالرز کا جھٹکا لگا ہے جس کی وجہ امریکی انتخابات کے نتائج سے میکسیکو کی کرنسی کی قدر میں 12 فیصد کمی آنا ہے۔50 ارب ڈالرز سے زائد اثاثوں کے مالک کارلوس سلم صرف ایک اعلان سے ہی اپنی مجموعی دولت کے 9 فیصد حصے سے محروم ہوگئے۔بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق دنیا کے 57 ارب پتی افراد کے لیے ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی کافی مہنگی ثابت ہوئی ہے۔صرف امریکا کے ارب پتی افراد ہی مجموعی طور پر 9.3 ارب ڈالرز سے محروم ہوگئے۔