لاس اینجلس(این این آئی)ایک شخص نے ہالی وڈ کے واک آف فیم میں امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کا ستارہ ہتھوڑے سے مار کر ٹکڑے ٹکڑے کر دیا،لاس اینجلس پولیس نے تصدیق کی ہے کہ وہ اس معاملے کی تفتیش کر رہے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق اس شخص نے کہاکہ وہ اس ستارے کی نیلامی کرنا چاہتا ہے تاکہ ان خواتین کی مالی مدد کی جا سکے جنھوں نے ڈونلڈ ٹرمپ پر دست درازی کرنے کا الزام لگایا ہے،ہالی وڈ کا چیمبر آف کامرس اس واک آف فیم کا نگران ہے، انھوں نے بتایاکہ جب کوئی ستارہ واک میں نصب کر دیا جاتا ہے تو اسے ہالی وڈ کی واک آف فیم کے تاریخی تانے بانے کا حصہ تصور کیا جاتا ہے۔ اس لیے ہم نے کبھی واک سے کوئی ستارہ نہیں ہٹایا۔چیمبر کو ہر سال ہزاروں درخواستیں موصول ہوتی ہیں جن میں لوگ اپنے پسندیدہ فنکاروں کے ستارے واک پر شامل کروانا چاہتے ہیں،ہر درخواست میں امیدوار کی جانب سے ایک بیان بھی درج ہوتا ہے جس میں تصدیق کی جاتی ہے کہ وہ اپنا ستارہ نصب کروانا چاہتے ہیں اور یہ کہ وہ اس کی تقریبِ رونمائی میں حصہ لیں گے۔امیدوار کو ساڑھے 23 ہزار ڈالر کی سپانسرشپ بھی حاصل کرنا ہوتی ہے۔ٹرمپ کا یہ ستارہ 2007 میں نصب کیا گیا تھا۔ تاہم یہ پہلی بار نہیں ہے کہ اسے نقصان پہنچایا گیا ہے۔اس سے قبل اس ستارے کے گرد ایک چھوٹی سی دیوار تعمیر کی گئی تھی۔ یہ ٹرمپ کے اس منصوبے کے خلاف احتجاج تھا کہ وہ میکسیکو اور امریکہ کے درمیان دیوار کھڑی کرنا چاہتے ہیں۔اس کے علاوہ ایسی تصاویر بھی سامنے آئی ہیں جن میں لوگوں کو اس پر پیشاب کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔