اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان نے کشمیر کے مسئلے پر بھارت کیساتھ کشیدگی کے تناظر میں امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی کی پیشکش کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی انتظامیہ پاکستان اور بھارت کے درمیان دوطرفہ تنازعات خصوصاً مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریںیاد رہے کہ گذشتہ ہفتے بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کو دیئے گئے انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت اور پاکستان کے درمیان ثالثی کی پیشکش کی تھی۔ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اگر وہ امریکا کے صدر منتخب ہوگئے تو وہ پاکستان اور بھارت کے ثالث کا کردار ادا کرنا چاہیں گے کیوں کہ تنازعات کی وجہ سے خطے میں کشیدگی ہے۔انہوں نے کہا تھا کہ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان دوستانہ ماحول دیکھنا چاہتا ہوں کیوں کہ یہ معاملہ بہت گرم ہے، اگر دونوں ملک دوستانہ ماحول میں ساتھ رہیں تو یہ بہت اچھا ہوگا اور مجھے امید ہے کہ وہ ایسا کرسکتے ہیں۔اس پیشکش کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسلام آباد میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا کا کہنا تھا کہ ہم اپنے امریکی دوستوں خصوصاً وہ جو انتظامیہ میں ہیں پر زور دیتے ہیں کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان دوطرفہ تنازعات خصوصاً مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔نفیس ذکریا کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی پاکستان نے ثالثی کی کوششوں کا خیرمقدم کیا ہے ہم اس طرح کی کوششوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔