تہران( آن لائن )ایرانی حکام نے کہا ہے کہ پاسداران انقلاب کا ایک چھوٹا طیارہ پاکستان اور افغانستان کی سرحد سے متصل صوبہ سیستان بلوچستان میں گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں ایک پائلٹ ہلاک اور دوسرا زخمی ہوگیا۔غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب کی ویب سائیٹ پر جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ انٹیلی جنس مقاصد کے لیے فضاء4 میں دوران پرواز فوجی طیارہ ’ایران شہر‘ کے مقام پرحادثے کا شکار ہوا۔ یہ علاقہ پاکستان اور افغانستان کی سرحد کے قریب واقع ہے۔ طیارہ حادثے کے نتیجے میں احمد مائلی نامی پائلٹ ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔ایرانی خبر رساں ادارے’فارس‘ نے پاسداران انقلاب کے ترجمان کا ایک بیان نقل کیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ طیارہ فنی خرابی کے باعث حادثے کا شکار ہوا ہے۔ خیال رہے کہ ایران کے صوبہ سیستان بلوچستان میں حکومت کے خلاف مقامی شہریوں کی تحریک بھی چل رہی ہے۔ اس علاقے میں آئے روز ایرانی فوج اور بلوچ عسکریت پسندوں کے درمیان جھڑپیں بھی ہوتی رہتی ہیں۔