واشنگٹن(این این آئی)تاہم امریکی محکمہ خارجہ نے پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ 18 ستمبر کے اڑی واقعے کی تحقیقات میں بھارت کی معاونت کرے اور لشکر طیبہ اور جیش محمد جیسی تنظیموں کے خلاف فوری اقدامات کرے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق محکمہ خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ ’امریکا دہشت گردی سے نمٹنے میں بھارتی حکومت کے ساتھ اپنی مضبوط شراکت داری کے حوالے سے پر عزم ہے،جب امریکی محکہ خارجہ کے ترجمان سے پوچھا گیا کہ کیا امریکی حکام کشیدگی کم کرنے کے حوالے سے بھارت اور پاکستان کی حکومتوں سے رابطے میں رہے تو انہوں نے کہا کہ نائب وزیر خارجہ انٹونی بلنکین نے بھارتی سیکریٹری خارجہ ایس جے شنکر سے بات کی تھی جس میں انہوں نے اْڑی حملے کے حوالے سے اظہار افسوس اور تحقیقات میں تعاون کی پیشکش کی تھی۔ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے بھی وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات میں اْڑی واقعے پر بات کی تھی اور تحقیقات میں تعاون پر زور دیا تھا۔ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم کشیدگی میں کمی کے لیے ہندوستان اور پاکستان پر زور دیتے ہیں کہ وہ براہ راست مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھیں۔