ماسکو(آئی این پی )روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہاہے کہ ترکی کے لڑاکا طیاروں کو شام کی فضائی حدود میں نہیں جانے دیا جائے گا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق روسی صدر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترکی نے بغیر وجہ کے روسی طیارہ مار گرایا۔ روسی صدر نے ترکی کی موجودہ حکومت اور ماسکو کے درمیان تنازعہ پر مصالحت کے امکان کو مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کی جانب سے روسی جہاز گرانے کے بعد سے اب تک کسی قسم کا رابطہ نہیں کیا گیا ہے۔ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے پیوٹن نے کہا کہ کسی غیر ملکی طاقت کو شام میں حکمرانی کی اجازت نہیں دیں گے۔ ہمارا نقطہ نظر تبدیل نہیں ہوا۔پیوٹن کا کہنا تھا کہ ان کا ملک سیکیورٹی کونسل میں شام کے معاملے پر قرارداد کے حوالے سے امریکی اقدام کی تائید کرتا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ ایک ذہین سیاستدان ہیں۔