بیجنگ (نیوزڈیسک) چین امریکی اعلان پر مشتعل،سفیر طلب،انتباہ جاری،چین نے تائیوان کو اسلحہ فراہم کرنے کے اعلان پر سینئر امریکی سفارتی اہلکار کو طلب کر کے شدید احتجاج کیا ہے۔چینی وزارت خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ امریکہ تعلقات کو خراب ہونے سے بچانے کے لئے تائیوان کو اسلحہ فروخت کرنے کا معاہدہ فوری منسوخ کرے۔چین نے امریکی سفارت کار کو طلب کر کے شدید احتجاج بھی کیا ، چینی وزارت خارجہ کے مطابق امریکہ کو معلوم ہونا چاہئے کہ تائیوان کو اسلحہ کی فروخت نہایت حساس اور خطرناک معاملہ ہے۔یاد رہے کہ امریکہ نے تائیوان کو دو بحری جنگی جہاز ، ٹینک شکن میزائل، بری اور بحری حملہ آور گاڑیاں اور زمین سے فضا میں مار کرنے والے اسٹنگر میزائل فراہم کرنے کا معاہدہ کر رکھا ہے۔