نیویارک (نیوز ڈیسک)پاکستان اور افغانستان کےلئے امریکہ کے نمائندہ خصوصی رچرڈ اولسن نے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردوں کی تعداد میں کمی آئی ہے، آپریشن ضرب عضب میں دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو تباہ کیا گیا، پاک بھارت تعلقات میں بہتری چاہتے ہیں،دونوں ملکوں کے درمیان تجارت سے پورے خطے کو فائدہ ہو گا۔امریکی نمائندہ خصوصی نے کانگریس کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردوں کےخلاف آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے، آپریشن میں دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو تباہ کیا گیا۔ پاکستان کے قومی ایکشن پلان میں پیشرفت ہوئی ہے،کراچی کی صورتحال میں بھی بہتری آئی ہے۔رچرڈ اولسن نے کہا کہ اتحادی سپورٹ فنڈ سے پاکستان کو دہشت گردی کےخلاف جنگ میں مدد ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ بھارت پاکستان کےساتھ بھی تعلقات بہتر کرے۔دونوں ممالک کے درمیان تجارت سے پورے خطے کو فائدہ پہنچے گا۔