ریاض(آن لائن)سعودی خواتین نے صحت کی سہولیات کے حوالے سے آگہی مہم کے تحت بنایاگیا بھارتی عالمی ریکارڈ توڑ کر نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں درج کروا لیا ہے، 10 ہزار سعودی خواتین نے چھاتی کے سرطان کا عالمی نشان ”گلابی ربن“ بنا کریہ ریکارڈ قائم کیا ہے ،نورہ بنت عبدالرحمان یونیورسٹی کے گراﺅنڈ میں گلابی رنگ کے سکارف اوڑھے کھڑی ان خواتین نے کامیابی سے یہ عالمی ریکارڈ بنایا ہے۔”الف خیر “کے نام سے چلنے والی سوشل انٹرپرائز کی بانی شہزادی ریما بنت بندر بن سلطان السعود نے مقامی اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 10 ہزار خواتین نے یہ اعلان کر دیا ہے کہ مکمل صحت ہی بطور مائیں، بہنیں اور بیٹیاں ہمارے کامیاب مستقبل کی ضمانت ہے۔ہم مستقبل کی آواز ہیں اور اگر ہم اپنا خیال خود رکھیں گی تو ہمارا مستقبل تابناک ہوگا،اگر ایسا نہیں ہوگا تو ہمارا مستقبل تاریک ہے اور نہ ہی میں اور میرے ساتھ موجود 1900 رضاکار خواتین، 53 تنظیمیں اور دس ہزار خواتین ایسا دیکھنے کی خواہش رکھتی ہیں،اس موقع پرمنتظم ڈاکٹر مودیا بیٹرجی نے کہا کہ ان کا بنیادی مقصد خواتین کی مکمل صحت کی طرف توجہ دلانا تھا اور انہوں نے زور دیا کہ مکمل صحت ہی مضبوط معاشرے کی بنیاد ہے،اس موقع پر زھرہ بریسٹ کینسر ایسوسی ایشن کی ایک رکن ھالہ اسیل نے بتایا کہ اس آگہی مہم کے نتیجے میں آج کئی افراد کو فائدہ ہوا ہے، دس ہزار خواتین کے ساتھ بنائے جانے والے اس ریکارڈ کی عالمی ریکارڈز میں شمولیت کی منتظر ہوں۔گنیز ورلڈ ریکارڈز کے منصف سیدا سباسی گمیچی نے کہا کہ میں ریاض میں سب سے بڑے انسانی آگہی ربن کے ریکارڈ کو توڑنے کی کوشش کا عینی شاہد ہوں، جس میں سعودی عرب کی خواتین نے حصہ لیا ہے۔اس ریکارڈ نے بھارت میں بنایا گیا پچھلا ریکارڈ توڑ ڈالا، جس میں 6847 افراد نے شرکت کی تھی۔