برلن(نیوزڈیسک)جرمن چانسلر انجیلا میرکل نے انتہا پسند تنظیم داعش کے خلاف مزید عسکری مدد کی امریکی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ اس تناظر میں برلن اپنی ذمہ داری بخوبی نبھا رہا ہے،برطانوی خبررساں ادارے کے مطابق چانسلر میرکل نے ایک انٹرویومیں کہاکہ داعش کے خلاف جاری عالمی کارروائی میں ان کی حکومت اپنی ذمہ داری بخوبی نبھا رہی ہے، ہمیں اس سلسلے میں نئے سوالات پر فی الحال بات کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔میرکل نے یہ وضاحت اس وقت کی جب ان سے پوچھا گیا کہ امریکا کی طرف سے شام میں مزید عسکری مدد کی درخواست پر ان کا کیا ردعمل ہے۔جرمن جریدے کے مطابق امریکی وزیر دفاع ایشٹن کارٹر نے جرمن حکومت کو ایک خط ارسال کیا ہے، جس میں درخواست کی گئی ہے کہ جرمنی جہادیوں کے خلاف کارروائی میں مزید عسکری تعاون فراہم کرے۔امریکا نے یہ درخواست ایک ایسے وقت پر کی ہے، جب جرمن پارلیمنٹ نے ابھی حال ہی میں شام میں برلن کے بارہ سو تک فوجی تعینات کرنے کی منظوری دی ہے۔جرمن وزارت دفاع نے تصدیق کی ہے کہ امریکا کی طرف سے اسے ایشٹن کارٹر کا خط موصول ہوا ہے۔ تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ اس خط کا متن کیا ہے۔ زیادہ تفصیل بتائے بغیر صرف یہ کہا گیا ہے کہ واشنگٹن حکومت کی درخواست زیر غور ہے۔