انقرہ(نیوزڈیسک) ترکی کی جانب سے روس کا جنگی طیارہ گرائے جانے کے بعد روس کی طرف سے واویلا مچانے اور دھمکیاں دینے کا سلسلہ جاری ہے، جس کے جواب میں ترک وزیراعظم نے روسی صدر سے ایک انتہائی مشکل سوال پوچھ لیا ہے، جس کا ان سے کوئی جواب نہیں بن پا رہا۔اخبار حریت ڈیلی نیوز کے مطابق ترک وزیراعظم احمت داﺅت اوولو نے پارلیمانی گروپ کی ایک میٹنگ کے دوران روسی صدر پیوٹن سے سوال کیا کہ اگر ترکی روس کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اس کی مغربی سرحد کے ساتھ واقع مشرقی یوکرین پربمباری کررہا ہوتا تو روس کا ردعمل کیا ہوتا۔ ان کا کہنا تھا کہ روسی طیارے کو ترک روس سرحد پر نہیں گرایا گیا کیونکہ ایسی کوئی سرحد موجودہی نہیں، بلکہ اس کو شام اور ترکی کی سرحد پر گرایا گیا جہاں اس نے ترک فضائی حدود کی خلاف ورزی بھی کی تھی۔ ترک وزیراعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ ترکی روس کے ساتھ ہر قسم کی بات چیت کے لئے تیار ہے لیکن کسی قسم کا دباﺅ قبول نہیں کیا جائے گا، بلکہ ترکی نے روس کے خلاف ضرورت پڑنے پر پابندیوں سمیت تمام اہم اقدامات کرنے کے بارے میں غور و خوض بھی کر لیا ہے۔