نیو یارک(نیوز ڈیسک) ڈیمو کریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار کی دوڑ میں شامل ہیلری کلنٹن نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کے خلاف اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پیش کی جانے والی پابندی کی تجویز نا صرف ہماری اقدار کے مخالف ہے، بلکہ وہ دہشت گردوں کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں۔ واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے رائے شماری کا حوالہ دیتے ہوئے امریکہ کے لیے مسلمانوں کی نفرت کا ذکر کیا تھا۔ ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ سرحدوں کو اس وقت تک مکمل طور پر بند کر دینا چاہیے جب تک ہمارے ملک کے نمائندگان اس بات کا تعین نہیں کر لیتے کہ کیا ہو رہا ہے۔ تاہم منگل کو انھوں نے اپنے بیان کا دفاع کرتے ہوئے سابق امریکی صدر فرینکلن روزویلٹ کی جنگ عظیم دوم میں امریکہ میں رہنے والے جاپانیوں، جرمنوں اور اطالوی باشندوں کے لیے نافذ کے گئی پالیسیوں کا حوالہ دیا۔ دوسری جانب مسلمان رہنماوں، اقوام متحدہ اور غیرملکی رہنماوں نے اس مطالبے کو خطرناک اور اختلاف رائے پر مشتمل قرار دیا جبکہ وائٹ ہاوس کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو صدارتی امیدوار کی دوڑ کے لیے ناموزوں قرار دیا جانا چاہیے۔