ریاض (نیوزڈیسک)سعودی حکومت نے ملازمین کے لئے ”شاندارسہولت “متعارف کرادی .اگر آپ سعودی عرب میں ملازمت کرتے ہیں اور آپ کو اپنے کام کے سلسلہ میں کچھ مسائل درپیش ہیں یا آپ کوئی شکایت کرنا چاہتے ہیں تو یہ بہت آسان ہوگیا ہے کیونکہ اب آپ ویڈیو کال کے ذریعے ناصرف وزارت محنت کے اعلیٰ حکام سے رابطہ کرسکتے ہیں بلکہ براہ راست وزیر محنت تک بھی اپنی آواز پہنچاسکتے ہیں۔سعودی گزٹ کے مطابق وزارت محنت نے مسائل کے شکار ملازمین کی داد رسی کے لئے ویڈیو کال سروس متعارف کروادی ہے۔ اگرچہ وزارت نے اس سے پہلے بھی شکایات وصول کرنے کے لئے ایک خصوصی ٹیم بنارکھی تھی لیکن اس عمل کو تیز کرنے کے لئے اور بروقت کارروائی ممکن بنانے کے لئے اب ویڈیو کال کی سروس بھی متعارف کروادی گئی ہے۔ خود وزیر محنت نے شکایات سننے کے لئے کچھ وقت بھی وقف کردیا ہے، جس کے دوران انہیں تمام مملکت سے کوئی بھی شخص کال کرسکتا ہے۔وزارت محنت تک اپنی آواز براہ راست اور فوری طور پر پہنچانے کے لئے آپ ناصرف وزارت کی ویب سائٹ سے رابطہ کرسکتے ہیں بلکہ ٹوئٹر اکاﺅنٹ @mol_care کو بھی استعمال کرسکتے ہیں، جبکہ کال کرنے کے لئے نمبر 19911 ہے۔