نئی دہلی (اے این این)بھارتی وزیر مملکت برائے امور خارجہ وی کے سنگھ نے روایتی ہٹ دھرمی کامظاہرہ کرتے ہوئے کہاہے کہ صرف جموں کشمیر ہی نہیں اروناچل پردیش اور اکسائی چن بھی بھارت کا اٹوٹ انگ ہیں ،ہمارے صرف پاکستان اور چین کیساتھ سرحدی تنازعات ہیں ،بنگلہ دیش ، میانمار اور سری لنکا کیساتھ کوئی تنازعہ نہیں ۔بھارتی میڈیا کے مطابق وی کے سنگھ نے بھارتی لوک سبھا میں سرحدی تنازعات سے متعلق تحریری بیان جمع کرایاہے جس میں کہاگیاہے کہ صرف جموں کشمیر ہی نہیں اروناچل پردیش ،اکسائی چن بھی بھارت کا حصہ ہیں ۔ان کا کہناہے کہ ہمارے صرف پاکستان اور چین کے ساتھ سرحدی تنازعات ہیں، میانمار ، بنگلہ دیش اورسری لنکا کیساتھ کوئی تنازعہ نہیں ۔انہوں نے کہاکہ مشرقی سیکٹر میں چین ریاست اروناچل پردیش میں 90 ہزار مربع میٹر بھارتی علاقے کا دعویٰ کرتا ہے۔ انکا کہنا تھاکہ جموں وکشمیر میں چین کے قبضے میں تقریبا 38 ہزار مربع میٹر بھارتی علاقہ ہے۔ چین اور پاکستان کے درمیان 2مارچ 1963میں نام نہاد چائینہ پاکستان باؤنڈری ایگریمنٹ پر دستخط کیے گئے اور پاکستان نے غیر قانونی طور پر آزاد کشمیر سے 5180 مربع کلومیٹر بھارتی علاقہ چین کو سونپ دیا۔ وزیر مملکت نے بتایاکہ چین کو کئی مرتبہ مختلف سطح پر آگاہ کرچکے ہیں کہ اروناچل پردیش اور جموں وکشمیر واضح طور پر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے۔