جدہ (محمد اکرم اسد) سعودی فضائی کمپنیوں نے مسافروں سے کہا ہے کہ وہ قیمتی پتھروں کی رسیدیں سفر میں ہمراہ رکھیں اور اگر کسی مسافر کے پاس 60 ہزار ریال سے زیادہ مالیت کے قیمتی پتھر ہوں گے تو ان کی قیمت کی نشاندہی بلز کے ذریعے ہوگی۔ محکمہ شہری ہوا بازی نے تمام ملکی و غیر ملکی فضائی کمپنیوں سے کہا ہے کہ وہ سعودی ہوائی اڈوں پر مسافروں سے نقدی اور سامان کی تفصیلات بھی طلب کریں۔ محکمہ شہری ہوا بازی کے ترجمان نے واضح کیا کہ سعودی قوانین کے مطابق سعودی عرب آنے اور جانے والے مسافروں کو قیمتی پتھروں کی بابت طیارے پر سوار ہونے سے قبل تحریری رپورٹ کرنا ضروری ہے۔ السعودیہ کے معاون ڈائریکٹر جنرل عبدالرحمان الفہد کے مطابق سعودی ہوائی اڈوں پر ادارہ کسٹم کے یہاں اقرار ناموں کے نمونے موجود ہیں مگر پابندی اس بات پر ہے کہ کوئی بھی مسافر 60 ہزار ریال سے زیادہ کی رقم یا اس سے زیادہ مالیت کے زیورات و قیمتی پتھر لیجارہا ہو تو اسے محکمہ کسٹم کو تحریری طور پر آگاہ کرنا ہوگا یہی پابندی ریال کے سوا دیگر کرنسیوں پر بھی لاگو ہوگی۔