نئی دہلی(نیوز ڈیسک) بھارت کی جنوبی ریاست تامل ناڈو میں شدید بارشوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورت حال سے نمٹنے کے لیے فوج، بحریہ اور نیشنل ڈیزاسٹر فورس کی ٹیموں کو طلب کر لیا کیا ہے۔ بارش کی وجہ سے دارالحکومت چنّئی میں سیلاب جیسے حالات پیدا ہو گئے ہیں اور معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ شہر کے تعلیمی ادارے اور ائیرپورٹ بند ہے جبکہ ایک درجن سے زیادہ ٹرینیں بھی ٹریک زیرِ آب آنے کی وجہ سے منسوخ کی گئی ہیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گزشتہ 100 سال میں چنّئی میں اتنی زیادہ بارش نہیں ہوئی تھی اور آئندہ 48 گھنٹوں تک تامل ناڈو میں مزید تیز بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اطلاعات ہیں کہ شہر کے 60 فیصد علاقے کو بجلی کی فراہمی معطل ہے۔ اطلاعات کے مطابق حالیہ بارش کی وجہ سے ریاست میں 56 لوگوں کی موت ہو گئی ہے جن میں سے 16 چنّئی سے ہیں۔