نیویارک (نیوزڈیسک )روس کے بعد امریکہ بھی ترکی کے خلاف میدان میں آگیا،بڑامطالبہ کردیا۔امریکہ نے کہاہے کہ بارڈر سیل کرنے کے معاملے پر ترکی کا معذرت خواہانہ رویہ اب قبول نہیں کیا جائے گا۔ اوباما انتظامیہ کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے ”دی وال سٹریٹ جرنل“ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ”بس اب بہت ہو چکا، اب کھیل تبدیل ہو چکا ہے۔ اب ترکی کو بارڈر سیل کرنا ہی ہو گاکیونکہ داعش کا وجود ایک بین الاقوامی خطرہ بن چکا ہے اور یہ خطرہ ترکی کے راستے باقی دنیا تک پہنچ رہا ہے۔ “ امریکی حکام کا کہنا تھا کہ ترکی کو کم از کم 30ہزار فوجی بارڈر پر تعینات کرکے اس مکمل طور پر آمدورفت کے لیے بند کرنا ہو گا۔اس سے قبل روس داعش پرحملے جاری رکھے ہوئے ہے اورروسی طیارہ گرانے کے واقعہ کے بعد ترکی اورروس میں ایک سرد جنگ شروع ہوگئی جس کے بعد اب امریکی مطالبے نے ترکی کے لئے ایک نیامسئلہ پیداکردیاہے ۔