نئی دہلی(نیوز ڈیسک) بھارت میں مقامی سطح پر بنایا جانے والا بغیر پائلٹ ڈرون طیارہ ’نشانت‘ راجستھان کے علاقے پوکھران میں گر کر تباہ ہو گیا۔ بھارتی فوج کے مطابق ڈرون طیارہ تکنیکی خرابی کے باعث تباہ ہوا۔ 15دن قبل بھی اسی طرح کا ایک ڈرون تباہ ہوا تھا، دو نشانت ڈرون طیارے اپریل میں پاکستانی سرحدکے نزدیک جیسلمیر میں تباہ ہوئے تھے۔ یہ ڈرون بھارتی ادارے ڈیفنس ریسرچ اینڈڈیولپمنٹ آرگنائزیشن نے تیارکیے تھے اور اس طرح کے ابتک بنائے گئے چاروں ڈرون گرکر تباہ ہو چکے ہیں جس کے بعد بھارتی فوج نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ ڈی آر ڈی او سے مزید ڈرون حاصل نہیں کرے گی۔ بھارتی فوجی حکام کے مطابق یہ منصوبہ بری طرح ناکام ہوا ہے، بھارتی فوج کو ایک ڈرون 22 کروڑ روپے میں پڑا۔ 2 دہائیوںکی محنت کے بعد نشانت ڈرون2011 میں بھارتی فوج کو دیے گئے تھے۔ ڈی آر ڈی او نے ڈرون کی تباہی کی ذمے داری فوج پرڈالتے ہوئے کہاکہ ڈرون کے نظام کو ٹھیک طریقے سے استعمال نہیں کیاگیا۔ بھارتی فوج نے الزام کی تردیدکی ہے۔ چاروں ڈرون کی تباہی کے بعد اب اس منصوبے کا مستقبل غیریقینی ہے۔