دبئی (آئی این پی)متحدہ عرب امارات کے نائب صدر وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے پروفیسر امل القبیسی کو امارات کی قومی مشاورتی کونسل کی چیئرپرسن (اسپیکر) منتخب کردیا،وہ کسی عرب ملک میں اس عہدے پر فائز ہونے والی پہلی خاتون ہیں،اکتوبر کے اوائل میں قریباً اناسی ہزار اماراتی ووٹروں نے حکومت کے مشاورتی ادارے وفاقی قومی کونسل (ایف این سی) کے 20 ارکان کا انتخاب کیا تھا۔یہ کونسل چالیس ارکان پر مشتمل ہوتی ہے اور باقی20 ارکان کا انتخاب یو اے ای میں شامل ساتوں امارات کے حکام کرتے ہیں۔2 اورخواتین بھی کونسل کی رکن منتخب ہوئی ہیں۔شیخ محمد بن راشد نے بدھ کو اس نومنتخب کونسل کے افتتاحی اجلاس کے موقع پر امل القبیسی کو چئیرپرسن بنانے کا اعلان کیا ہے۔وہ پیشے کے اعتبار سے آرکٹیکٹ ہیں اور متحدہ عرب امارات کی ایک جامعہ میں پروفیسر ہیں۔انھوں نے ایک بیان میں کہا ہے کہمجھے ایف این سی کی پہلی منتخب خاتون اسپیکر ہونے کا اعزاز بخشا گیا ہے۔یہ ملک کی اپنے عوام کو اعلیٰ سیاسی مراتب پر فائز کرنے کے لیے حمایت کا ثبوت بھی ہے۔واضح رہے کہ امل القبیسی 2006ء میں مشاورتی کونسل کی پہلی مرتبہ رکن منتخب ہوئی تھیں اور وہ اس کی پہلی خاتون رکن تھیں۔وہ اس کے اجلاسوں کی صدارت کرچکی ہیں۔انھیں گذشتہ سال ابوظبی کی ایگزیکٹو کونسل کی پہلی خاتون رکن مقرر کیا گیا تھا۔