اقوام متحدہ (نیوز ڈیسک) صدر بارک اوباما نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ اقوام متحدہ کے امن مشن میں اپنا کردار بڑھائے گا اور انہوں نے دیگر 50 ممالک پر بھی زور دیا کہ وہ بھی 40 ہزار نئے فوجی اور پولیس اہلکار بھرتی کرنے میں اپنے تعاون کو بڑھائیں۔ اوباما نے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر فوری ضرورت ہو تو فضائی اور بحری لوجسٹیکل مدد، فضائی اڈے بنانے اور فوجیوں کو دیسی ساختہ بم ناکام بنانے کی تربیت فراہم کرنے کا فوری انتظام بھی کر سکتے ہیں۔ اس سے قبل جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چینی صدر شی جنپنگ نے اعلان کیا تھا کہ قیام امن کے لئے 8 افراد پر مشتمل سٹینڈ بائی فورس بنائی جائے گی اور اقوام متحدہ کے ’پیس اینڈ ڈویلپمنٹ فنڈ‘ میں ایک ارب ڈالر دیئے جائیں گے۔ چین گزشتہ کچھ عرصے سے عالمی امن مشن میں اپنے کردار کو بڑھا رہا ہے اور اسی تناظر میں اوباما نے اپنا کردار بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔