نئی دہلی (نیوز ڈیسک) بھارت نے اسرائیل سے مسلح ڈرونز کے حصول کے لئے کوششیں تیز کردی ہیں۔ بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق پاکستان نے قبائلی علاقوں میں دہشتگردوں کے خلاف مسلح ڈرون کا استعمال شروع کردیا ہے جس کے بعد بھارت اپنی کوششوں میں تیزی لے کر آیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بھارت نے تین سال قبل مسلح ڈرون کے حصول کے لئے اسرائیل سے رابطہ کیا تھا اور رواں سال جنوری میں فوج نے پاکستان اور چین کی جانب سے ڈرون وار فیئر کی صلاحیت حاصل کئے جانے کے بعد خریداری کے عمل میں تیزی لانے کیلئے حکومت کو خط لکھا تھا۔ ستمبر میں حکومت نے اسرائیل سے 10 ہیرون ٹی پی ڈرون خریدنے کی منظوری دے دی ہے۔ وزارت دفاع کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے دونوں ملکوں میں جلد ہی معاہدہ طے پا جائے گا۔بھارتی دفاعی تجزیہ کار کا کہنا ہے کہ 2016 کے آخر تک مسلح ڈرون حاصل کرلئے جائیں گے اور اس سے بھارتی فضائیہ کی دور دراز علاقوں میں حملہ کرنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔واشنگٹن میں واقع تھنک ٹینک وڈرو ولسن انٹرنیشنل سنٹر کے تجزیہ کار مائیکل کوگلمین کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کی جانب سے مسلح ڈرون کے حصول کے بعد خدشات بڑھیں گے جبکہ دونوں ملکوں کے تعلقات میں پہلے ہی کشیدگی پائی جاتی ہے