اسلام آباد(نیوز ڈیسک)بھارتی ریاست راجستھان کی حکومت نے عیدالاضحی پر مسلمانوں کی چھٹیاں ختم کردیں، اس حوالے سے سرکلر جاری کردیا گیا ہے، سرکلر میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فلسفی دین دیال اپادھیائے کی25 ستمبر کو یوم پیدائش کے موقع پر کالجوں اسکولوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ خون کے عطیات کے لئے کیمپ کا اہتمام کریں۔ سرکلر کے مطابق چوں کہ اس روز عیدالاضحیٰ بھی ہوگی اسی لئے عید کی چھٹیاں بھی منسوخ سمجھی جائیں گی۔ راجھستان کے مسلمانوں نے مذکورہ فیصلے پر شدید رد عمل کا اظہار کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ وہ اس متنازع فیصلے کے خلاف ہائی کورٹ سے رجوع کریں گے، حزب اختلاف کی جماعت کانگریس نے بھی حکومتی فیصلے کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ دین دیال اپادھیائے کبھی بھی حکومت میں شامل نہیں رہے اور اگر بی جے پی ان کا یوم پیدائش منانا چاہتی ہے تو اسے پارٹی کی سطح پر منائے۔