اشبیلیہ (نیوزڈیسک) اسپین اور پرتگال میں درجہ حرارت میں ریکارڈ اضافے کے بعد مغربی یورپ میں گرمی کی لہر میں اضافے کا امکان ہے۔ اسپین اور پرتگال میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے بڑھ گیا جس کے باعث بیماریوں میں اضافہ کا خدشہ ہے جب کہ رواں ہفتے کے اختتام میں فرانس کے شمالی علاقے اور برطانیہ میں بھی گرمی کی لہر میں اضافے کا امکان ہے۔ اسپین کے 50 صوبوں میں سے 43 میں اورنج الرٹ (دوسرے درجہ کا الرٹ) جاری کردیا ہے۔ پرتگال کے شہروں کاستیلو برانکو اور پرتالگرہ میں پارہ 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاپہنچا جب کہ فرانس میں درجہ حرارت 39 دگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ برطانیہ میں درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے اسپین کے علاقے کاربوڈا کے خطے میں ریکارڈ درجہ حرارت کے باعث ریڈ الرٹ جاری کردیا ہے اور پارہ 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے