نیویارک/واشنگٹن/بینکاک(نیوزڈیسک)امریکہ اور اقوام متحدہ نے میانمار پر زور دیا ہے کہ جب تک وہ روہنگیا مسلمانوں کیخلاف نسلی تعصب ختم کر کے ان کو اپنا شہری تسلیم نہیں کرتا اس وقت تک تارکین وطن کا مسئلہ حل کرنا ممکن نہیں۔انڈامان اور خلیج بنگال کی سمندری حدود میںروہنگیا مسلمانوں سے بھری ہوئی کشتیاں اب بھی کسی منزل کی تلاش میں سمندر میں بھٹک رہی ہیں۔اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے میانمار پر زور دیا کہ وہ اپنے ملک میں روہنگیا مسلمانوں کی حیثیت واضح کرے،ہزاروں روہنگیا مسلمان اپنے ملک سے دربدر ہونے کے بعد کھلے سمندر میں بے آسرا بھٹک رہے ہیں۔ ایشیائی تارکین وطن کے مسائل پر بنکاک میں گزشتہ روز منعقد ہونے والے عالمی اجلاس میں 17 ایشیائی ممالک کے ساتھ امریکہ ،سوئزر لینڈ اور بین الاقوامی تنظیموں نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کے اختتام پر تھائی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ تمام 17 ممالک نے تارکین وطن مسئلے کا حل نکالنے پر اتفاق رائے کیا میانماراور بنگلا دیش بھی تارکین وطن کے مسائل کی بنیادی وجوہات پر بات چیت کرنے کیلئے تیار ہوگئے ہیں۔