ممبئی(نیوزڈیسک) بھارتی حکمران جماعت بی جے پی نے وزیراعظم نریندر مودی کے اقتدار کا ایک سال مکمل ہونے پر ملک بھر میں 200 ریلیاں نکالنے اور اتنی ہی پریس کانفرنسز کرنے کا اعلان کیا ہے جن کے ذریعے نہ صر ف مرکزی حکومت کی ایک سال کے دوران کامیابیوں کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جائےگا بلکہ مختلف حلقوں کی طرف سے اس پر لگائے جانےوالے ناکامیوں کے الزامات کا دفاع بھی کیا جائےگا۔ وزیراعظم نریندر مودی نے اس سلسلہ میں پیر کو متھرا کے گاﺅں ناگلا چندر بھن میں منعقدہ ریلی سے خطاب کیا ہے۔ ریلیوں سے خطاب کےلئے تمام مرکزی وزراء‘ بی جے پی کے ارکان پارلیمنٹ وزراءاعلیٰ اور ریاستی اسمبلیوں کے ارکان کےساتھ پارٹی کے مرکزی اور علاقائی رہنماﺅں کو ملک کے طول و عرض کے دورے کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اس سلسلہ میں (آج) منگل کو ہر ایک مرکزی وزیر ایک بڑے شہر میں ایک ریلی سے خطاب کرےگا۔ جبکہ بی جے پی کے ارکان پارلیمنٹ پورا ایک ہفتہ اپنے اپنے متعلقہ حلقوں میں قیام کرکے ووٹروں اور شہریوں کو حکومت کی کارکردگی سے آگاہ کرینگے