ریاض(نیوزڈیسک)سعودی عرب کے وزیر برائے حج بندر الحجار نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سعودی عرب آنے سے قبل حجاج کے انگلیوں کے نشان ان کے گھروں پر لیے جائیں گے۔بیان میں ان کا کہنا تھا کہ انگلیوں کے نشان لینا حج نظام کا حصہ ہے اور بیرون ملک سے آنے والے حجاج کو اس نئے نظام کے بارے میں مطلع کیا جائے گا۔سعودی گزٹ کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ حج کے لیے سعودی عرب کے روانہ ہونے سے قبل ان کے مکانوں میں ان کے انگلیوں کے نشانات لیے جائیں گے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ نئے نظام کے تحت حجاج کو اپنی رہائش، ٹرانسپورٹ اور کھانے کے بارے میں پہلے ہی سے پوری اطلاع ہو گی۔سعودی عرب کے وزیر برائے حج بندر الحجار نے مزید کہا کہ نئے الیکٹرانک حج نظام سے حجاج کے سعودی عرب میں آنے اور جانے میں سہولت ہو گی۔’اس نئے نظام سے حج کا سفر آسان اور تیز ہو گا۔‘سعودی عرب کے وزیر برائے حج بندر الحجار نے کہا کہ اگلے پانچ سالوں میں حجاج کی تعداد50 لاکھ جبکہ عمرہ کرنے والوں کی تعداد 30 لاکھ تک ہو جائے گی۔ سعودی وزیر نے کہا کہ جدے کا نیا شاہ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئر پورٹ اور مدینے کا پرنس محمد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کھل جانے سے حجاج کے لیے بہت آسانی ہو جائے گی۔اس کے علاوہ ان کا کہنا تھا کہ مکہ کی مسجد الحرام اور مدینہ کی مسجد نبوی کو مزید وسیع کیا گیا ہے جس کے باعث وہاں زیادہ افراد سما سکتے ہیں۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں