بگوٹا(نیوزڈیسک ) کولمبیا میں شدید بارشوں کے نتیجے میں مٹی کا تودہ گرنے سے 56 افراد ہلاک جب کہ متعدد لاپتہ ہوگئے ہیں۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق کولمبیا کے شمال مغربی صوبے اینٹاوآہا میں شدید بارشوں کے باعث لیبوریانا نامی دریا میں آنے والا سیلاب مٹی کا تودا گرنے کی وجہ بن گیا۔ سانتا مارگراٹا نامی گاوں اس کا براہِ راست نشانہ بنا جو مکمل طور پر تباہ ہوگیا ہے۔مقامی حکام نے کہا ہے کہ مٹی کا تودا اس وقت گرا جب لوگ سو رہے تھے، واقعے میں 30 خاندانوں کے 56 افراد کی ہلاکت جب کہ 27 کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ امدادی کارکنوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں تباہی کو دیکھتے ہوئے ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد بڑھنے کا خدشہ ہے۔