قاہرہ (نیوز ڈیسک) یمن میں سعودی عرب اور اُس کی اتحادی فورسز کی کارروائیاں بدھ کو بھی جاری ہیں اوراس سلسلے میں مصرکی سب سے بڑی دینی درسگاہ اور یونیورسٹی ’جامعة الازہر‘ کے سربراہ ڈاکٹر احمد الطیب کا بیان بھی سامنے آگیا۔ عرب میڈیا کے مطابق ڈاکٹر احمد الطیب نے کہا ہے کہ عالم اسلام کو اپنے استحکام کے لیے ایسی تمام قوتوں سے لڑنا پڑے گا جو مسلم امہ کے لیے خطرے کا موجب بن رہی ہیں۔اُنہوں نے یمن میں جاری کشیدگی کو فرقہ وارنہ خانہ جنگی میں تبدیل ہونے کے خدشات کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ یمن کے معاملے کو اس انداز میں حل کیا جائے تاکہ مسئلہ فرقہ وارانہ جنگ کی شکل اختیار نہ کرے۔ شیخ الازھرنے یمن میں اہل تشیع مسلک کے حوثی شدت پسندوں کی بغاوت کی مخالفت کی اور کہا کہ حوثی امن عمل کو سبوتاژ کرکے ملک کو تباہی سے دوچار کرنا چاہتے ہیں۔