نئی دہلی(نیوز ڈیسک)پاکستان میں جہاں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے، وہیں دوسری جانب ہندوستان میں ان کی قیمتوں میں ایک بار پھر کمی کی گئی ہے۔ہندوستانی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق پٹرول کی قیمت میں49 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں1.21 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔اس بات کا امکان پہلے سے ظاہر کیا جارہا تھا کہ یکم اپریل سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کی جاسکتی ہے۔ انڈین آئل کارپوریشن (آئی او سی) نے آج پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا۔ نئی قیمتیں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سے لاگو ہوں گی۔قیمتوں میں کی گئی اس کمی کے بعد اب دہلی میں پیٹرول 60 روپے فی لیٹر ملے گا، وہیں ڈیزل 48.50 روپے فی لیٹر فروخت ہو گا۔آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے ذرائع نے اشارہ دیا تھا کہ اگر 31 مارچ تک بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت کا رجحان برقرار رہتا ہے تو پٹرول اور ڈیزل کی قیمت کم ہو سکتی ہے۔