اسلام آباد(نیوز ڈیسک)برطانیہ کے وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے تسلیم کیا ہے کہ مئی میں ہونے والے انتخابات میں کنزریٹوز اور لیبر کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوگا۔ برطانیہ کے وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے سالفرڈ میں اسپتال کا دورہ کیا اور عملے سے بات چیت کے بعد مریضوں کی عیادت کی۔ کیمرون کا کہنا تھا کہ حکومت سن دو ہزار بیس تک یہ بات یقینی بنانا چاہتی ہے کہ نیشنل ہیلتھ سروس سات روزہ آپریشنل سطح پر لائی جائے۔ وزیراعظم نے مانچسٹر میں اپنی پارٹی کی کانفرنس میں بھی شرکت کی اور خطاب میں کہا کہ اس بار سخت ترین مقابلہ ہوگا۔ مئی میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں برطانیہ کی کنزریٹو پارٹی کو ایڈ ملی بینڈ کی قیادت میں ابھرنے والی لیبر پارٹی کا سامنا ہے۔ ایڈملی بینڈ ہی نے این ایچ ایس نظام کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ اب ڈیوڈ کیمرون نے اپنے حریف پر چوٹ کی۔ سروے کے مطابق ڈیوڈ کیمرون اور ایڈملی بینڈ کے درمیان سات مئی کو کانٹے کا مقابلہ ہوگا۔ اور توقع ہے کہ نیشنل ہیلتھ سروس کا معاملہ نتائج پر اہم اثرات مرتب کرے گا۔