ریاض(نیوز ڈیسک)مفتی اعظم سعودی عرب شیخ عبد العزیز بن عبد اللہ آل شیخ نے کہا ہے کہ خود کش حملے گناہ کبیرہ اور حرام ہیں ‘ بمبارخود کش حملہ کر کے اپنے آپ کو تیزی سے جہنم میں پہنچاتا ہے ۔ انہوں نے سرکاری افسروں ‘ گورنمنٹ کے منصوبوں پر کام کرنے والے ٹھیکیداروں ‘صحافیوں اور علماء پر زور دیا ہے کہ وہ عوام کے ساتھ دیانت داری سے پیش آئیں ‘ ملکی راز افشا کرنے والے افسر‘شہریوں کے اعتماد کو ٹھیس پہنچانے کے مجرم ہیں ۔گورنمنٹ کے مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے ٹھیکیداریہ منصوبے بروقت مکمل کریں اور ان کے تعمیراتی معیار کا خصوصی طور پر خیال رکھیں ۔ سعودی دار الحکومت ریاض کی امام ترکی بن عبد اللہ مسجد میں جمعہ کا خطبہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صحافیوں کا یہ فرض ہے کہ وہ سچی اطلاعات فراہم کرنے اور شہریوں کے مسائل حل کرنے میں تعاون اور بے بنیاد اور جھوٹی باتیں پھیلانے سے گریز کریں ۔ انہوں نے کہا کہ علماء اگر اللہ کی کتاب قرآن پاک اور سنت نبوی کا جامع علم نہیں رکھتے تو انہیں فتوے دینے سے اجتناب کرنا چاہیے ۔ اگر انہیں کسی مسئلے کے تمام پہلوؤں کا علم نہیں تو انہیں فتویٰ نہیں دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز لوگوں کی عزت اور جان و مال کے تحفظ کے لئے کام کریں ۔ تاجر بھی دیانت داری سے کام لیں اور ناقص اشیاء نہ تو فروخت کریں اور نہ ہی ان کے نقائص کو چھپائیں۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں