ریاض(نیوزڈیسک) سعودی عرب کے مشرقی صوبے القطیف کی عدالت نے ایک خاتون کو واٹس ایپ پر ایک شخص کو بدنام کرنے اور اس کی بے عزتی کرنے کے جرم میں بیس ہزار سعودی ریال (تقریباًساڑھے پانچ لاکھ روپے)جرمانہ اور ستّر کوڑوں کی سزا سنائی ہے۔گلف نیوز نے مقامی اخبار ’عکاظ کے حوالے سے رپورٹ میں لکھا ہے کہ عدالت نے 32سالہ خاتون کو مدعی کی ساکھ خراب کرنے کا مجرم پانے کے بعد یہ فیصلہ سنایا۔ایک سعودی شخص نے یہ موقف اختیار کیا تھا کہ خاتون نے اس کی واٹس ایپ پر بے عزتی کی ہے۔ خاتون نے تسلیم کیا کہ اس نے اس شخص کی بے عزتی کی تھی لیکن ساتھ ہی خاتون نے عدالت کے فیصلے کو مسترد کردیا۔سعودی اینٹی سائبر کرائم لائ کے تحت ایسا شخص انفارمشین ٹیکنالوجی کی مختلف ڈیوائسز کے ذریعے کسی کو بدنام کرنے یا اس کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کا مرتکب ہوتا ہے، اسے ایک مدت تک قید کی سزا دی جائے گی، جو ایک سال سے زائد نہیں ہوگی، اور اس پر کیا جانے والا جرمانہ پانچ لاکھ سعودی ریال سے زیادہ نہیں ہوگا یا پھر کوئی اور سزا دی جائے گی۔