اسلام آباد(نیوز ڈیسک)متحدہ عرب امارات کے سیاحتی مرکز دبئی میں آبادی میں اضافے کے باعث سڑکوں پر چلنے والی کاروں کی تعداد میں بھی غیرمعمولی اضافہ ہوگیا ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق دبئی میں چلنے والی کاروں کی تعداد برطانیہ کے دارالحکومت لندن، امریکی شہر نیویارک اور ہانگ کانگ میں چلنے والی کاروں سے بھی بڑھ گئی ہے۔غیرملکی خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق اماراتی محکمہ شاہرات کی جانب سے جاری اعدادو شمار میں بتایا ہے کہ 2.4 ملین آبادی کے شہر میں کاروں اور سڑکوں پر چلنے والی گاڑیوں کی تعداد بھی غیرمعمولی حد تک بڑھ چکی ہے۔ ایک اندازے کے مطابق جہاں ایک ہزار افراد موجود ہیں وہاں پر 540 کاریں بھی چل رہی ہیں۔ جبکہ آبادی اور کاروں کے تناسب کو دیکھا جائے نیویارک میں فی ہزار نفوس کے ساتھ 305 کاریں رجسٹرڈ کی گئی ہیں جبکہ لندن میں 213 اور ہانگ کانگ میں ایک ہزار افراد کے ساتھ 63 کاریں موجود ہیں۔ اس وقت دبئی میں مجموعی طورپر 14 لاکھ گاڑیاں چل رہی ہیں۔ جبکہ سنہ 2006ءمیں یہ تعداد سات لاکھ 40 ہزار تھی جس کے بعد گاڑیوں کی تعداد میں 8.2 فی صد اضافہ ہوا ہے۔ دبئی محکمہ شاہرات کا کہنا ہے کہ سنہ 2020ءتک سڑکوں پردبئی کی سڑکوں پر 22 لاکھ گاڑیاں ہوں گی۔دبئی میں گاڑیوں کی تعداد میں غیرمعمولی اضافے کی کئی وجوہات ہیں۔ ان میں ایک اہم وجہ دبئی کا علاقائی اور عالمی تجارتی اور سیاحتی مرکز ہونا بھی شامل ہے۔