اسلام آباد(نیوز ڈیسک)اسرائیل کے وزیر اعظم بن یامین نتن یاہو نے کہا ہے کہ اگر وہ انتخابات میں دوبارہ کامیاب ہو جاتے ہیں کہ تو فلسطینی ریاست نہیں بننے دیں گے۔ایک انٹرویو میں نتن یاہو نے کہاکہ فلسطینیوں کے ہاتھوں میں اراضی جانے کا مطلب ہے کہ اسرائیل کو اسلام پسندوں کے حملوں کےلئے کھلا چھوڑ دیا جائے۔انہوںنے کہا کہ جو کوئی بھی اس بات سے صرفِ نظر کر رہا ہے وہ ریت میں سر چھپا رہا ہے بائیں بازو کی جماعت بار بار ریت میں سر چھپا لیتی ہے۔جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا ان کے دوبارہ منتخب ہونے کی صورت میں فلسطینی ریاست قائم نہیں ہو پائےگی تو ان کا جواب تھا یقینا۔ 2009 میں انھوں نے فلسطینی ریاست کے قیام کے خیال کی حمایت کی تھی بشرطیکہ اسے غیر مسلح کیا جائے اور فلسطینی اسرائیل کے وجود کو تسلیم کریں۔ نتن یاہو مشرقی بیت المقدس میں آباد کاری کے حوالے سے بات کرتے کہا کہ وہ واحد شخص ہیں جو شہر کی سلامتی کو یقینی بنا سکتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ مشرقی یروشلم میں نئی یہودی بستیوں کی تعمیر جاری رکھی جائے گی۔