اسلام آباد(نیوز ڈیسک)امریکا اور روس کے بعد دنیا بھر میں اسلحہ فروخت کرنے والے ممالک میں چین تیسرے نمبر پرآگیا۔ چین نے سب سے زیادہ اکتالیس فیصد اسلحہ پاکستان کو فروخت کیا۔ اسٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی سالانہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ پانچ برسوں میں دنیا بھر میں اسلحے کی فروخت میں سولہ فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اسلحے کی تجارت کرنے والے ممالک میں اکتیس فیصد برآمدات کے ساتھ امریکا سرفہرست ہے، جبکہ روس ستائیس فیصد اسلحے کی فروخت کرتا ہے اور دوسرے نمبر پر ہے۔ تھنک ٹینک کی رپورٹ کے مطابق چین نے اسلحہ کی فروخت میں جرمنی اور فرانس پر معمولی برتری حاصل کرلی ہے۔ پانچ فیصد اسلحے کی فروخت کے ساتھ چین تیسرے نمبر پرآگیا ہے۔ پانچ سالوں میں چین کے اسلحہ کی فروخت ایک سوتینتالیس فیصد رہی۔ بیجنگ سے تین ایشیائی ممالک دوتہائی اسلحہ خرید رہے ہیں۔ ان میں پاکستان نے اکتالیس فیصد اسلحہ خریدا، بنگلہ دیش اور میانمار کے علاوہ اٹھارہ افریقی ملکوں نے بھی چینی اسلحہ خریدا۔ روسی اسلحے کا سب سے بڑا خریدار بھارت ہے، جو ماسکو سے ستر فیصد اسلحہ خریدتا ہے۔ امریکا مختلف ملکوں کو اسلحہ بیچتا ہے۔ امریکی اسلحے کا سب سے بڑا خریدار جنوبی کوریا ہے جو نو فیصد اسلحہ خریدتا ہے۔