واشنگٹن (نیوز ڈیسک) برطانیہ ہر اچھے برے کام میں امریکا کا قریبی ترین اتحادی رہا ہے لیکن اب اس کا جھکاﺅ چین کی جانب ہورہا ہے جس پر امریکا نے سرعام واویلا شروع کردیا ہے۔
21 ایشیائی ممالک نے چین کی حمایت سے ایشیئن انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک (AIIB) کی بنیاد رکھی تو امریکا نے اسے دنیا پر اپنی معاشی حکمرانی کے لئے خطرہ قرار دیا اور اب اس کے لئے انتہائی غیر متوقع واقعہ یہ ہوا ہے کہ اس کے سب سے بڑے اتحادی برطانیہ نے چینی قیادت میں قائم کئے گئے بینک کا رکن بننے کی درخواست دیدی ہے۔
برطانیہ اس بینک کا رکن بننے والا سب سے بڑا اور طاقتور مغربی ملک ہوگا۔
امریکا چینی قیادت میں بنائے گئے عالمی بینک کو اپنے مالیاتی نظام کے لئے پہلے ہی خطرہ سمجھ رہا تھا اور اب برطانیہ کی اس میں شمولیت نے اسے سخت پریشان کردیا ہے۔
امریکا اس عالمی بینک کو اپنی عالمی حکمرانی کے لئے بہت بڑا خطرہ محسوس کرتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ اس نے آسٹریلیا، جنوبی کوریا اور جاپان سمیت اپنے تمام اتحادیوں پر دباﺅ ڈال کر انہیں اس بینک سے دور رکھا ہے۔
مزید پڑھئے: غیر ملکیوں کو سعودی جیلوں میں پہنچایا جا رہاہے
اخبار ”فنانشل ٹائمز“ کا کہنا ہے کہ امریکی حکام ایشیائی ممالک کے چین کی طرف جھکاﺅ سے پہلے ہی پریشان تھے اور اب اپنے اتحادی برطانیہ کی چینی بینک میں شمولیت کی درخواست نے انہیں سخت ترین تشویش میں مبتلا کردیا ہے۔