بغداد(نیوز ڈیسک) مشرق وسطیٰ میں برسر پیکار دہشت گرد گروہ داعش کی جانب سے لوگوں کو زندہ جلانے کا سلسلہ جاری ہے ۔ تازہ ترین کارروائی میں دہشت گردوں نے عراق کے صوبہ الانبار کے شہر فلوجہ میں مساجد کے چار آئمہ کو زندہ جلا دیاہے۔
فلوجہ شہر کی جامع مسجد کے امام شیخ محمد الزوبعی کا کہنا ہے کہ داعش کے دہشت گردوں نے فلوجہ شہر کی مساجد کے چار آئمہ کو تعاون نہ کرنے کی بنا پر گرفتار کرنے کے بعد زندہ جلا دیا۔ انھوں نے کہا کہ ان آئمہ نے داعش سے وابستہ مدارس کی ذمہ داریاں قبول کرنے سے انکار کردیا تھا جس کے بعد داعش کے دہشت گردوں نے انہیں گرفتارکرکے زندہ جلادیا۔
مزید پڑھئے: داعش کے کارکن فارغ وقت میں کیا کرتے ہیں ؟
واضح رہے کہ فلوجہ میں داعش سے وابستہ مدارس لوگوں میں انتہا پسندی پر مبنی نظریات کی تبلیغ کرتے ہیں اور خاص طور پرنوجوانوں کو داعش کے ساتھ تعاون کرنے کی ترغیب دلاتے ہیں۔ فلوجہ شہر کے امام جمعہ الزوبعی نے بتایا کہ داعش کے دہشت گردوں نے فلوجہ کے ان چارآئمہ مساجد اور علماء کو اردنی پائلٹ معاذ الکساسبہ کی طرح انتہائی وحشیانہ طریقے سے آگ میں زندہ جلا دیا ۔ الانبار سے خبررساں ذرائع نے اس سے قبل کہا تھا کہ داعش نے فلوجہ میں پچاس سے زائد مدرسے قائم کررکھے ہیں جو لوگوں میں داعش کے انتہا پسندانہ نظریات کی ترویج و تبلیغ کرتے ہیں۔