اسلام آباد(نیوز ڈیسک)بھارت نے افضل گورو کی باقیات کی واپسی کے پی ڈی بی کے مطالبے کو یکسر مسترد کردیا ۔ ادھر کانگریس کے سینئر لیڈر منی ائر نے وکالت کی ہے کہ مرحوم محمد افضل کی باقیات کو اس کے اہلخانہ کے سپرد کردینا چاہیے ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق مرکزی وزارت داخلہ نے پی ڈی پی کے اس مطالبے کو یکسر مسترد کردیا جس میں انہوں نے مرحوم محمد افضل گورو کی باقیات کوواپس کرنے کی وکالت کی تھی ۔ وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق سیاسی وجوہات کی بناءپر مرحوم کی باقیات کو واپس نہیں کیا جاسکتا اور مرحوم کی میت کو تہاڑ جیل کے اندر ہی سپرد خاک کیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ محمد افضل گورو کو 2001ءمیں پارلیمنٹ پر ہوئے حملے میں ملوث ٹھہرایا گیا تھا اور نو فروری 2013ءکو مرحوم کو تہاڑ جیل میں تختہ دار دیا گیا تھا اور وہیں پر انہیں سپرد خاک کیا گیا تھا ۔ دریں اثناء کانگریس کے ایک رہنما منی شنکر ائر نے باقیات واپس کرنے کی حمایت کی ہے ۔