لندن (این این آئی )برطانیہ کے ٹاور آف لندن کا ایک اور کوا غائب ہوگیا ہے جس کے بعد بدشگونی کی افواہیں پھیلنے لگی ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق برطانیہ کی تاریخی عمارت ٹاور آف لندن سے ایک اور کوا غائب ہوگیا جس کے بعد طرح طرح کی باتیں سامنے آنے لگی ہیں۔شاہی خاندان کی روایت یا توہم پرستی کے مطابق ٹاور آف لندن میں کم از کم 6 سے 7 جنگلی کوے ہر
وقت موجود ہونے چاہیئیں تاہم کوے گم ہوجانے یا اڑجانے کی صورت میں تاج برطانیہ کو ٹوٹنے کا خطرہ رہے گا۔اب ایسی خبر سامنے آئی ہے کہ ٹاور آف لندن میں ایک کوا غائب ہوگیا ہے ۔ ٹاور کے ماسٹر کی جانب سے یہ اعلان کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ایک کوا غائب ہوگیا ہے اور اس کے مرجانے کا امکان زیادہ ہے۔ماسٹر کے مطابق اگر کوے ٹاور کو چھوڑ دیں گے تو برطانوی تخت کو نقصان پہنچے گا۔ٹاور آف لندن میں جنگلی کوے رکھنے کی روایت 17 ویں صدی سے برطانوی بادشاہ چارلس دوئم کے زمانے سے چلی آرہی ہے۔ چارلس دوئم کوے کو قوم اور بادشاہت کا تحفظ سمجھتے تھے اور ان کا ماننا تھا کہ پرندوں کے اڑ جانے سے سلطنت گر جائے گی۔ خیال رہے کہ اس وقت برطانیہ میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور اس کے باعث برطانیہ جنگ عظیم سے اب تک کی سب سے مشکل ترین صورتحال سے دوچار ہے۔