واشنگٹن(این این آئی)ایک امریکی خاتون سال بھر موبائل فون کا استعمال ترک کرنے کا چیلنج پورا کر کے 72 لاکھ روپے کی رقم جیتنے والی ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق گزشتہ دسمبر میں 2 ملٹی نیشنل کمپنیز کی جانب سے ایک چیلنج اسکرول ڈاون فری ائیر کے لیے ہزاروں امید واروں میں سے نیویار ک سے تعلق رکھنے والی 29 سالہ ایلانا مگڈن کو کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔
اس چیلنج کے مطابق ایلانا کو ایک پورے سال کے لیے اپنے موبائل فون سے دور رہنا تھا، جس میں سے ایلانا نے 8 مہینے کامیابی سے گزار لیے ہیں جبکہ فروری 2020 میں چیلنج مکمل ہوتے ہی ایلانا 72 لاکھ کے انعام کی حقدار بن جائیں گی، مگر انعام ملنے سے پہلے ایلانا کا ایک لائے ڈیٹیکٹر مشین یعنی جھوٹ پکڑنے والی مشین کے ٹیسٹ کے مرحلے سے گزرنا پڑے گا۔اس چیلنج کی پیشکش کرنے والی کمپنی نے چیلنج کے شروع میں ایلانا کا آئی فون 6 ایک فلپ والے پرانے طرز کیموبائل سے بدل دیا تھا جس کے بعد ایلانا اس فون سے صرف کالز پیغامات بھیج سکتی تھیں، زندگی کے معمولات کو گامزن رکھنے کے لیے ایلانا کو کمپیوٹراستعمال کرنے کی اجازت تھی جو ایمیزون یا گوگل کے ذریعے چلتے تھے۔ایلانا مگڈن کا چیلنج سے متعلق کہنا تھا کہ اسمارٹ فون نہ ہونے کی وجہ سے مجھے اکثر بہت پریشانی اٹھانی پڑتی ہے ، مگر پھر میں اپنے اس فیصلے کو سراہوں گی، ایک سال کے لیے اسمارٹ فون کا استعمال نہ کرنا میرا بہترین فیصلہ تھا۔اسکرول ڈاون فری ائیر چیلنج متعارف کرانے والی ملٹی نیشنل کمپنیز کا کہنا تھا کہ ایک سال تک اسمارٹ فون سے دور رہنا واقعی ایک مشکل چیلنج ہے،ایلانا مگڈن کو سراہتے ہوئے کمپنیز کا کہنا تھا کہ ایلانا کا 8 مہینے تک اسمارٹ فون سے دور رہنا قابل تعریف عمل ہے، اگر ایلانا اس چیلنج کو پورا کرتی ہیں تو ان کے بینک اکاونٹ میں 72 لاکھ روپے کی رقم منتقل کر دی جائے گی۔