اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)انسان کو سانپ کاٹنے کے حوالے سے آپ نے بہت سے قصے تو سن رکھے ہی ہونگے مگر بھارت میں ایک ایسا انوکھا واقعہ پیش آیا کہ جان کر آپ حیران رہ جائیں گے، بھارتی ریاست اترپردیش کے شہری سونی لال نے سانپ کو ہی کاٹ لیا ہے۔
سونی لال کا کہنا ہے کہ سانپ کو اس نے بدلہ لینے کیلئے کاٹا ہے کیونکہ اس نے اسے کاٹا تھا۔سونی لال کو بے ہوشی کی حالت میں اسپتال میں منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے سونی لال کا معائنہ کرنے کے بعد بتایا کہ اس کے جسم پر کہیں بھی سانپ کے کاٹنے کے نشانات نہیں ہیں۔ڈاکٹر ہتیش کا کہنا تھا کہ سونی لال کے پڑوسی اسے اسپتال لے کر آئے اور بتایا کہ اس کو سانپ نے کاٹ لیا ہے لیکن طبی معائنہ کرنے پر ہمیں سونی لال کے جسم پر کہیں بھی سانپ کے ڈنگ کے نشان نہیں ملے۔ ہوش میں آنے پر سونی لال نے بتایا کہ وہ اپنے کھیتوں میں موجود تھا جب ایک سانپ نے اسے کاٹا، سونی لال نے بتایا کہ میں نے فوری طور پر سانپ کو پکڑا اور اس کا پھن اپنے منہ میں ڈال کر چبا کر باہر پھینک دیا۔ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ سونی لال سانپ کے کاٹنے کی وجہ سے بے ہوش نہیں ہوا بلکہ سانپ کو کاٹنے کی وجہ سے بیہوش ہوا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ سونی لال نشے کا عادی بھی ہے جبکہ سونی لال کے سانپ کو کاٹنے کے واقعہ پر مقامی افراد نے حیرانی کا اظہار کیا ہے اور اسے اپنی زندگی کا انوکھا واقعہ قرار دیا ہے۔واضح رہے کہ اتر پردیش میں عموماََ کھیتوں میں کام کرنے والے مرد و خواتین کو سانپ کے کاٹنے کے واقعات پیش آتے رہتے ہیں ۔ اترپردیش میں سانپوں کی انتہائی زہریلی قسمیں پائی جاتی ہیں جن کےکاٹنے سے چند ہی لمحوں میں انسان اور جانور دونوں ہلاک ہو جاتے ہیں۔