منیلا(این ین آئی) فلپائن کے ایک قصبے میں ایک عجیب و غریب قانون نافذ کیا گیا ہے جس کے تحت کْھسر پْھسر کرنے اور افواہیں پھیلانے والوں کو جرمانے اور کوڑا کرکٹ صاف کرنے کی سزا دی جائے گی۔دارالحکومت منیلا سے 200 کلومیٹر دور بائنالونن قصبے میں افواہوں کو میئر کی جانب سے غیرقانونی قرار دیا گیا ہے۔ اب نئے قانون کے تحت فضول باتوں کو پھیلانے والوں پر پاکستانی 600 روپے
جرمانہ اور تین گھنٹے تک سڑک کی صفائی کرنا ہوگی۔ اگر مجرم دوبارہ اس ’جرم‘ کا ارتکاب کرتا ہے تو اسے 20 ڈالر یا پاکستانی 2800 روپے جرمانہ اور 8 گھنٹے تک کچرا اٹھانا ہوگا۔تاہم افواہوں کی مکمل تعریف اب تک نہیں بتائی گئی ہے لیکن میئر رامون گائکو نے کہا ہے کہ رہائشیوں کے باہمی تعلقات یا ان کے مالیاتی معاملات پر غیبت کرنا اور افواہیں پھیلانا قابلِ تعزیر جرم تصور کیا جائے گا۔