بیجنگ (این این آئی)چین کے شہر شیامین میں انجینئرزنے ایک پورے بس ٹرمینل کو گرائے بغیر ایک سے دوسری جگہ منتقل کردیا،میڈیارپورٹس کے مطابق یہ ٹرمینل پانچ منزلہ عمارت پر مشتمل تھا جس کا وزن30 ہزار ٹن تھا اور 4 ایفل ٹاور کے برابر یہ عمارت حیران کن طور پر ہائیڈرولک جیک کی
مدد سے ایک سے دوسری جگہ سلائیڈ کرکے منتقل کیا گیا۔یہ بس اسٹیشن بلٹ ٹرین کی تعمیر کے لیے ایک سے دوسری جگہ منتقل کیا گیا تھا جس کی 3 منزلہ سطح زمین سے اوپر جبکہ باقی 2 منزلیں زیرزمین تھیں جس کی تعمیر 2015 میں 26 کروڑ چینی یوآن کی لاگت سے مکمل ہوئی تھی۔مگر نئے ٹرانسپورٹ پلان کے تحت اس ٹرمینل کو قریبی گلی میں منتقل کرنا تھا تاکہ تیز رفتار ریلوے پراجیکٹ کو مکمل کیا جاسکے۔طویل مشاورت کے بعد شہر کی انتظامیہ نے پوری عمارت کو دوسری گلی میں منتقل کرنے کا فیصلہ کیا جس کے لیے عمارت کو 90 ڈگری موڑ کر ایک سے دوسری جگہ لے جانا تھا۔اتنی بڑی اور بھاری عمارت کو منتقل کرنا کسی چیلنج سے کم نہیں تھا اور اسے پورا کرنے کے لیے پہلے کھدائی کرکے عمارت کی لوکیشن اور نئی لوکیشن کے درمیان زمین کو ہٹایا گیا اور پھر ریلوے ٹریک بچھا دیئے گئے۔اس کے بعد عمارت کو زمین سے اوپر اٹھا کر 532 ہائیڈرولک جیکس اس کے نیچے نصب کیے گئے جو خودکار طور پر آگے بڑھتے تھے اور عمارت کو دوسرے مقام کی جانب کھینچتے تھے۔ان ہائیڈرولک جیکس کو کمپیوٹر کی مدد سے کنٹرول کیا جاتا تھا اور ان کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا جو شفٹ میں عمارت کو آگے بڑھاتے تھے اور لگتا تھا کہ جیسے عمارت چل کرہی ہو۔اس طریقہ کار سے روزانہ اس عمارت کو 10 سے 20 میٹر اپنی جگہ سے ہٹایا گیا اور 21 فروری کو شروع ہونے والا کام 40 دن میں مکمل کرکے چین نے دنیا کو دنگ کردیا۔