میڈرڈ(مانیٹرنگ ڈیسک) بینائی سے محرومی کے باوجود ہسپانوی ایتھلیٹ نے ہمت نہیں ہاری، ورلڈریکارڈ بنانے کا عزم کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق 21 سالہ کیرمین لوپیز سمندر کو دیکھنے سے تو قاصر ہے، مگر اس کی بلند و بالا لہروں سے مقابلہ کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ کیرمین نے اپنے لیے سرفنگ کا مشکل میدان چنا ہے، وہ ایک انسٹرکٹر کی رہنمائی میں سرفنگ کرتی ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ اس مشکل فن میں پختگی حاصل کرتی جارہی ہے ۔اس باہمت لڑکی نے کیلی فورنیا میں ہونے
والے ورلڈ اڈپٹیو سرفنگ چیمپین شپ میں حصہ لینے کا اراہ باندھ لیا ہے، کیرمین لوپیز اس مقابلے میں حصہ لینے والی پہلی ہسپانوی نابینا ایتھلیٹ ہوگی، جو ایک ریکارڈ ہے۔ کیرمین نے ایک اپنے ایک بیان میں کہا کہ دیگر جگہوں کے برعکس یہ سمندر ہے، جہاں وہ خود کو آزاد اور پرسکون محسوس کرتی ہے، سرفنگ بورڈ اسے اعتماد دیتا ہے۔ بچپن میں ایک مرض کے باعث بینائی سے محروم ہونے والی کیرمین لوپیز کے مطابق وہ دیگر سرفرز ہی کے مانند ہے اور ان ہی کی طرز پر مقابلے میں اترے گی۔