یوکرین(مانیٹرنگ ڈیسک) یوں تو دنیا میں ایسے افراد کی کمی نہیں جو دنیا میں شہرت حاصل کرنے کیلئے منفرد کرتب دکھاتے ہیں تاہم اِن میں سے کچھ کرتب باز اپنی ہمت و طاقت کی بنا پر ایسے کارنامے انجام دیتے ہیں کہ دیکھنے والے دنگ رہ جائیں۔ تصویر میں نظر آنے والے اس فولادی دانتوں والے شخص کو ہی دیکھ لیں جو اپنے دانتوں سے سینکڑوں ٹن وزنی دیوہیکل بحری جہاز کھینچنے کا حیرت انگیز مظاہرہ کر رہا ہے۔ جی ہاں، یوکرین کے شہر لی ویو سے تعلق رکھنے والے اولگ اسکا وچ نامی شخص نے اپنے فولادی دانتوں سے677
ٹن وزنی دیوہیکل سامان ترسیل کرنے والے بحری جہاز کو 52 فٹ تک یوں کھینچا کہ وہاں موجود افراد بھی اس شخص کی طاقت و مہارت کی داد دینے پر مجبور ہو گئے۔ واضح رہے ٹگ ٹوتھ کے نام سے مشہور یوکرینی شخص اس سے قبل بھی اپنے دانتوں سے ٹرام کھینچنے کا ریکارڈ قائم کر چکا ہے جبکہ حالیہ کارنامے کو جلد گنیز میں شامل کرنے کی درخواست دی جائیگی۔ اس سے قبل بحری جہاز کھنچنے کا عالمی ریکارڈ روسی شخصOmar Hanapievنے 635 ٹن وزنی کارگو شپ کو 50 فٹ تک کھینچ کر قائم کیا تھا۔